عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چُگ نے کہا کہ آپریشن سندور کے تباہ کن اثرات کے بارے میں جیش محمد کا تاخیر سے اعتراف ہندوستان کی فیصلہ کن انسدادملی ٹینسی کی صلاحیت کا سب سے مضبوط ثبوت ہے۔ چُگ نے کہا’’مئی 2025 میں، ہماری بہادر مسلح افواج نے جیش کے بہاولپور ہیڈکوارٹر کو منہدم کیا، قندھار ہائی جیکرز سمیت سو سے زیادہ خوفناک دہشت گردوں کو ختم کیا اور مسعود اظہر کی سلطنت کی جڑوں پر کاری ضرب لگائی۔ آج، جیش کمانڈر بھی اپنے نقصانات کو تسلیم کرتے ہوئے ریکارڈ پر ہیں‘‘۔انہوں نے کانگریس اتحاد اور اس کے رہنما راہول گاندھی پر سخت حملہ کیا، یاد دلاتے ہوئے کہ کس طرح انہوں نے آپریشن سندورکی کامیابی پر سوال اٹھائے جس طرح انہوں نے ایک بار سرجیکل اسٹرائیکس اور بالاکوٹ ایئر اسٹرائیکس پر الزام لگایا تھا۔چُگ نےکہا’’یہ ایک مستقل نمونہ ہے۔ہماری افواج خون اور حوصلے سے تاریخ لکھتی ہیں، اور راہول گاندھی اسے شک اور بے عزتی کے ساتھ مٹانے کی کوشش کرتے ہیں۔ قوم اس طرح کی دھوکہ دہی کو کبھی معاف نہیں کرے گی‘‘۔چُگ نے کہا ’’یہ دوغلا پن صرف سیاست نہیں ہے، یہ ہر اس فوجی کی توہین ہے جو ترنگے کے لیے اپنی جان کو خطرے میں ڈالتا ہے‘‘۔ چُگ نے کہا کہ تاریخ ان کارروائیوں کو ہندوستان کے عروج کے سنگ میل کے طور پر یاد رکھے گی، جب کہ راہول گاندھی کے تبصروں کو شرم کے حاشیے کے طور پر یاد رکھے گی۔چُگ نے پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی کی جانب سے راہول گاندھی کی حالیہ تعریف کی طرف بھی توجہ مبذول کروائی۔انکاکہناتھا’’یہ شرمناک ہے کہ وہی آفریدی جو کشمیر پر زہر اگلتا ہے اب راہول گاندھی کی تعریف کر رہا ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ راہول پاکستان کا لاڈلاہے، وہ ان کے اسکرپٹ کی بازگشت کرتا ہے اور ان کی دھن پر رقص کرتا ہے، یہاں تک کہ ایسے وقت میں جب ہندوستان کو دہشت گردی کے خلاف اتحاد کی ضرورت ہے ‘‘۔ہندوستان کے کرکٹ کپتان سوریہ کمار یادو کے خلاف سابق پاکستانی کرکٹر محمد یوسف کے تضحیک آمیز اور قابل مذمت ریمارکس کو مسترد کرتے ہوئے چُگ نے سوال کیا کہ راہول گاندھی اور بہار سے ان کے اتحادی تیجسوی یادو نے اس طرح کی توہین پر اعتراض کیوں نہیں کیا۔انہوںنے بتایا’’ان کی خاموشی بتا رہی ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ راہول گاندھی اور ان کے ہندوستانی اتحادی تیجسوی نہ صرف لاتعلق ہیں بلکہ پاکستانی آوازوں کے ساتھ عملی طور پر شریک ہیں۔ جب پاکستان ہندوستان کو گالی دیتا ہے تو وہ دوسری طرف دیکھتے ہیں، اور جب پاکستان راہول گاندھی کی تعریف کرتا ہے تو وہ فخر سے جھوم اٹھتے ہیںجو ناقابل قبول ہے‘‘۔