سرینگر// جمعیت اہلحدیث صدر پروفیسر غلام محمد بٹ نے کہا ہے کہ آپریشن آل اوٹ کشمیری عوام کے خلاف ایک منصوبہ بند سازش ہے اورنوجوانوں کا بے رحمانہ صفایا پست ذہنیت کا عکاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے تصفیہ کے لئے ہند ،پاک اور کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں کو پیش رفت کرنی چاہیے۔ پرے پورہ میں جمعیت اہلحدیث کے شوریٰ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمعیت نے کہا’’ آپریشن آل آوٹ پست ذہنیت کا عکاسی اور نوجوانوں کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے اور ایک مختصر مدت میں 400سے زیادہ نوجوانوںکی ہلاکت یقینا ایک لمحہ فکریہ ہے‘‘۔ انہوں نے کہا’’ شہرودیہات میں قتل وغارت گری، نامعلوم ہلاکتوں، نوجوانوں کی گرفتاریوں،مزاحمتی قائدین وکارکنوں کی نظر بندیوں اور مختلف ایجنسیوں کی طرف سے ہراساں کرنے کی کارروائی کو روکنے کیلئے سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے‘‘۔ صدر جمعیت نے کہا مسئلہ کشمیر کے سارے متعلقین بشمول کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوںسے اس مسئلے کے دائمی تصفیہ کے لئے آگے آنے پر زور دیا تاکہ اَنارکی اور خوف وہراس کی اس سیاہ رات کا خاتمہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ہلاکتوں کو روکنے کیلئے منظم پروگرام تشکیل دینے کے حوالے سے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے انہیں ایک مکتوب موصول ہوا تھا،تاہم اس پر ابھی بات نہیں ہوئی۔اس موقعہ پر جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالطیف الکندی نے ٹرانس ورلڈ مسلم یونیورسٹی کا مسئلہ پوری شدت کے ساتھ اُٹھایا اور اسے وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اس کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو فی الفور دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث لداخ میں یونیورسٹی قائم کرنے کے خلاف نہیں ہے،تاہم ٹرانس ورلڈ مسلم یونیورسٹی کو سرد خانے کی نذر کرنا انصاف نہیں ہے۔ الکندی نے رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے بلائی گئی بین الاقوامی اتحاد امت کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس مسلمانوں کے درمیان اتحاد واتفاق کو فروغ دینے اور انتشار و افتراق کے اسباب کے خاتمے کے لئے بلائی گئی تھی۔