سرینگر// سیکورٹی ایجنسیوں نے جنگجو مخالف کارروائیوں کے دوران شہری ہلاکتوں کو کم کرنے کی نئی حکمت عملی کو کامیاب قرار دیا ہے۔ضلع پولیس لائنز شوپیان میں بدھ کو پولیس اورفوج کے اعلیٰ حکام کے درمیان ایک غیر معمولی میٹنگ منعقد کی گئی۔میٹنگ میں 15کور کمانڈر لفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ ،ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید ،جی او سی وکٹر فورس اور آئی جی پی کشمیر زون کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس ،فوج وفورسز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ایک اعلیٰ پولیس افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ میٹنگ میں شہری ہلاکتوں کیلئے مرتب کی گئی نئی حکمت عملی کو کامیاب قرار دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ اسی لائن کو مضبوط بنایا جائے تاکہ جنگجوئوں کے خلاف آپریشنوں کے دوران شہری ہلاکتوں کو کم کیا جائے۔انہوں نے کہا’’ میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جنگجو مخالف آپریشنوں کے دوران سیکورٹی دائروں کو مضبوط کیا جائے،تاکہ احتجاجی مظاہرین جائے جھڑپ کے نزدیک نہ پہنچیں اور شہری ہلاکتیں رونما نہ ہو سکیں۔ان کا کہنا تھا گزشتہ2 جھڑپوں کے دوران کوئی بھی شہری ہلاکت رونما نہیں ہوئی۔میٹنگ کے دوران وادی کشمیر میں جاری جنگجو مخالف آپریشنز ،مجموعی سیکورٹی صورتحال ،جنگجویانہ حملوں ،آپریشن آل آئوٹ اور دیگر سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں اس بات پر اتفاق کرلیا گیا کہ وادی میں ملی ٹنسی مخالف آپریشنز کو جاری رکھا جائیگا اور اس میں شدت بھی لائی جائیگی ۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے درمیان تال میل بہتر سے بہتر بنانے اور ملی ٹنسی مخالف سیکورٹی گریڈ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی گئی ،وہیں جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران جانی نقصان سے محفوظ رہنے کیلئے افسران سے جانکاری حاصل کی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ اس غیر معمولی سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران فورسز اور عام شہریوں کے جانی نقصان سے بچنے کیلئے خاص توجہ مرکوز کی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ اس جائزہ میٹنگ میں نوجوانوں کو مثبت سر گرمیوں کی جانب راغب کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ،تاکہ نوجوانوں میں بڑھتے جنگجوئیت کے رجحان کو کم کیا جاسکے یا روکا جاسکے۔ دفاعی ترجمان کے مطابق میٹنگ میں وادی کے اندروانی علاقوں میں مضبوط سیکورٹی گریڈ کو مزید مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،جبکہ فورسز کی مختلف ایجنسیوں کے درمیان پہلے سے موجود تال میل کو مزید بڑھانے پر زور دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں’’ فوجی آپریشنوں کے درمیان نقصانات کو کم کرنے پر اہم توجہ دی گئی،جبکہ قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے نوجوانوں کو مثبت انداز میں مشغول کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے’’ مقامی فوجی کمانڈروں اور افسراں نے اپنے اعلیٰ حکام کو کشمیر وادی کی مجموعی سیکورٹی صورتحال، زمینی سطح پر امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے اٹھائے جارہے اقدامات ،فورسز کو درپیش مسائل اور ملی ٹنسی مخالف کارروائیوں کے بارے میں جانکاری دی‘‘ ۔دفاعی ترجمان کے مطابق چنار کور کے کمانڈرلیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ اور ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے اپنے ماتحت افسران پر زور دیا کہ وہ زمینی سطح پر چوکسی کو مزید مستحکم کریں ۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ جنگجو یانہ حملوں کے بڑھتے واقعات ،حملوں کو روکنے کیلئے مئوثر طریقے سے اقدامات اٹھائے جائیں ایسے واقعات کا تدارک کرنے کیلئے بہتر تال میل کو بھی یقینی بنایا جائے ۔فوج وپولیس کے اعلیٰ حکام نے افسران پر زوردیا کہ وہ جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران عوام کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائیں ۔