عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے پولیس ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات نے بدھ کے روز کہا کہ ادھم پور ضلع کے ڈوڈو بسنت گڑھ جنگل میں ایک تصادم میں مارا گیا ملی ٹینٹ پاکستان میں قائم جیش محمد تنظیم کا سب سے بڑا کمانڈر تھا جو پچھلے چار برسوں سے اس علاقے میں سرگرم تھا۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سیکورٹی فورسزملی ٹینٹوں کومارنےکیلئے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے پولیس اور عوام کے درمیان اچھے تعلقات کو اجاگر کیا اور کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر پولیس کامیاب نہیں ہوسکتی۔پولیس سربراہ نےاکھنور پولیس سٹیشن میں صحافیوں کو بتایا’’ملی ٹینسی کے خلاف کارروائیاں مسلسل ہو رہی ہیں، اور حال ہی میں، ہمیں ڈڈوبسنت گڑھ میں ایک بہت بڑی کامیابی ملی، جہاں جیش محمد کا ایک سینئر اور اعلیٰ کمانڈر، جو اس علاقے میں پچھلے چاربرسوں سے سرگرم تھا، مارا گیا۔ آپریشن ہو رہے ہیں اور تمام ملی ٹینٹوں کو ایک ایک کر کے ختم کر دیا جائے گا‘‘۔26جون کوجیش محمدپاکستانی ملی ٹینٹ حیدر، کوڈ نام مولوی ایک مسلح لڑائی میں مارا گیا جب کہ اس کے تین ساتھی بسنت گڑھ کے علاقے میں خراب موسم، چیلنجنگ ٹپوگرافی اور گھنے جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم، ڈی جی پی نے جموں خطے کے جنگلاتی علاقوں میں سرگرم ملی ٹینٹوں کی صحیح تعداد بتانے سے انکار کر دیا اور کہا کہ “یہ تعداد عوامی ڈومین میں نہیں دی جا سکتی”۔ڈی جی پی، سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل گوپال شرما کے ساتھ انسپکٹر جنرل آف پولیس، جموں زون، بھیم سین توتی اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، جموں سانبہ کٹھوعہ رینج، شیو کمار نے 2024کے لیے جموں کشمیر میں پولیس اسٹیشنوں کی سالانہ درجہ بندی میں وزارت داخلہ کی جانب سے باوقار ‘ایوارڈ آف ایکسیلنس حاصل کرنے پر اہلکاروں کو مبارکباد دینے کے لیے اکھنور پولیس سٹیشن کا دورہ کیا۔پولیس اسٹیشن کو ایوارڈ دیتے ہوئے، ڈی جی پی نے پولیس اسٹیشن میں تعینات افسران اور جوانوں کو عوام کے ساتھ ان کی ہم آہنگی کے لیے سراہا اور کہا کہ اس سال کے اوائل میں اکھنور سیکٹر میں کامیاب آپریشن عوام کی جانب سے بروقت موصول ہونے والے ان پٹ کا نتیجہ تھا۔انہوں نے منشیات کی لعنت مویشی سمگلنگ اور بدمعاشوں کے خلاف جموں پولیس کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا”پولیس عوام کے تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی۔ عوامی حمایت تمام مشکل کاموں کو آسان بنا دیتی ہے، ورنہ چیلنجز ہوں گے‘‘۔انہوں نے 2024میں اس وقت کے سٹیشن ہاؤس آفیسرطارق احمد، سب ڈویژنل پولیس آفیسرموہن شرما اور پولیس سپرنٹنڈنٹ برجیش شرما کی غیر معمولی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔انہوں نے موجودہ ایس ایچ او سنجیو چِب اور ایس ڈی پی او وریندر گپتا کو شانداریت کی وراثت کو جاری رکھنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔