سرینگر// شہر سرینگر میں بگڑے ٹریفک نظام کوسدھار نے کے لئے جہاں آئے روز سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے نئی نئی ایڈوائزریاں جاری ہورہی ہیں اور قصور واروں کے خلاف کارروائیوں کے دعوے بھی کئے جاتے ہیں تاہم محکمہ شہر میں بغیر میٹر چلنے والے آٹو رکھشوں کو قابو کرنے میں پوری طرح ناکام ہوا ہے ۔اگرچہ ٹریفک پولیس نے آٹو رکھشا مالکان کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری ڈیجیٹل میٹر لگوائیںاور اسی کے حساب سے مسافروں سے کرایہ وصول کریں تاہم زمینی سطح پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے جہاں ٹریفک پولیس نے بغیر میٹر چلنے والے رکھشوںکے خلاف سخت کارروائی کرنے کی وارننگ دی تاہم اس کے باوجود آٹو والے مسافروں سے اپنی من مرضی کے مطابق کرایہ وصول کررہے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ چند دنوں تک کچھ ایک مقامات پر رکھشوں کو ضبط کرنے کے بعد یہ مہم پھر ٹھنڈی پڑ گئی اور زمینی سطح پر یہ مہم صرف مہم تک ہی محدود رہ گئی ۔اشفاق احمد نامی شہری نے بتایا ’ لوگوں کابرسوں سے مطالبہ رہاہے کہ رکھشوں میں میٹر نصب کئے جائیںاور میٹر کے حساب سے ہی مسافروں سے کرایہ وصول کیا جائے تاہم آج تک اس پر عمل نہیں ہوا ہے جس وجہ سے لگاتارعام مسافر پریشان حال ہیں‘‘۔بلال احمد نامی ایک اور شہری نے بتایا کہ رکھشا آپریٹرس مسافرو کی مجبوری اور ضرورت کو بھانپ کر ان سے منہ مانگی کرایہ وصول کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا ’’ صبح سویرے، شام دیر گئے، ہڑتال کے دنوں میں رکھشا والے مسافروں سے کئی گنااضافی کرایہ وصولتے ہیں اور اگر کوئی مسافر اس پر اعتراض کرے تو اسے آٹو میں سوار ہی نہیں ہونے دیا جاتا ہے ‘‘۔پرویز احمد نامی ایک شہری نے بتایاکہ شہر اور اطراف و اکناف میں چلنے والے آٹو رکھشا مالکان نے کرایہ کے نام پر لوٹ مچارکھی ہے کرایہ نہ ہی میٹر کی ریڈنگ کے مطابق اور نہ ہی مقررہ شرح پر لیاجاتاہے بلکہ من مرضی کی وصولی کرکے مسافروں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹ لیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ کئی بار ٹریفک پولیس نے رکھشا آپریٹروں کو میٹر نصب کرنے کی ہدایت دی تاہم آج تک زمینی سطح پر کوئی تبدیلی دیکھنے کو نہیں ملی ۔