سرینگر //وادی میںسرمائی تعطیلات کے بعدسوموار کو تمام ہائی اور ہائر سکینڈری اسکول دوبارہ کھل گئے تاہم پرائمری اور مڈل اسکول 5 مارچ کو کھلیں گے۔وادی میں گذشتہ چند برسوں میں ایسا پہلی بار ہوا جب سرمائی تعطیلات میں توسیع کئے بغیر کالج، ہائی اور ہائر سکینڈری اسکول اپنے مقررہ وقت پر کھل گئے۔سرکاری اعلان کے تحت تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے بعد پہلے دن کو’’یوم خوش آمدید‘‘ کے طور پر منایا گیا۔پہلے دن سکولوں میںکوئی بھی تدریسی عمل شروع نہیں ہوا اور تمام تعلیمی اداروں میں’’ یوم خوش آمدید ‘‘ جوش و خروش سے منایا گیا جس دوران طلبہ و طالبات نے سکول میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ کو خوش آمدید کہا۔فروری مہینے میں سکول کھولنے جانے سے طلبہ و طالبات جوش و خروش میں نظر آئے اور سکولوں میں’’ یوم خوش آمدید‘‘ کو لیکر کافی خوش نظر آئے۔ دسویں جماعت پاس کرنے کے بعد 11ویں جماعت میں داخلہ لینے والے رومان ظفر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’نئے سکول میں جانا اور سکول میں نئے دوستوں اور اساتذہ سے مل کر وہ کافی خوش ہے اور حکومت کی جانب سے یوم خوش آمدید منانے کے اعلان سے طلبہ کو کافی راحت نصیب ہوئی کیونکہ طلبہ بغیر کسی تدریسی دبائو کے اپنے نئے دوستوں اور اساتذہ سے ملے۔‘‘انہوں نے بتایا کہ ایس پی سکول میں داخلہ لینے کا مقصد بہترین اور قابل طلبہ کے ساتھ پڑھائی کرنا اور ان سے مقابلہ کرنا ہے۔رومان ظفر کی طرح ہی سرینگر کے کاٹھی دروازہ میں زیر تعلیم طالبہ خوشبو کا کہنا ہے کہ یوم خوش آمدید سے بچوں کو اساتذہ اور اپنے ہم جماعت طلبہ سے گفتگو کرنے اور کھیلنے کا موقع ملا ہے جس سے طلبہ پر پڑھائی کا دبائو کم ہوا ہے۔انہوں نے بتایا ’’ پہلے دن میں اپنی سہیلیوں سے سردی میں پیش آئے واقعات اور قصے سنائے جبکہ میری سہیلیوں نے بھی دو ماہ کے واقعات کے بارے میں مجھے بتایا ۔