کپوارہ//فوج نے ہلمت پورہ جنگلات کو دو اطراف سے گھیرے میں لیکر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 20مارچ کو آپریشن کے دوران 2جنگجو فرار ہوئے تھے ، جنہیں تلاش کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ پہلے آپریشن کے دوران 5جنگجو ،3فوجی اور2پولیس اہلکارو ں کی ہلاکت ہوئی ہے۔سنیچر کی دوپہر41راشٹریہ رائفلز ،160ٹی اے اور سپیشل آ پریشن گروپ کپوارہ نے دو بارہ ہلمت پورہ کے چک فتح خان ہایہامہ کے اوپری جنگلاتی علاقے کو محاصرہ میں لیا۔یہ علاقہ آوورہ اور گلگام سے منسلک ہے۔دوسری جانب 5بہار اور 4پیرا کے اہلکاروں نے ہایہامہ جنگلاتی علاقے کی ناکہ بندی کردی۔یہ علاقہ بھی آوورہ اور گلگام سے منسلک ہے۔ فوج کو خدشہ ہے اسی علاقہ میں فرار ہوئے 2جنگجو چھپے بیٹھے ہیں۔فوج نے ہلمت پورہ ،منزہار ،منی گاہ کے جنگلا ت کا بھی محاصرہ کر رکھا ہے جبکہ ان علاقوں میں فوج کی بھاری جمعیت کو تعینات کیاگیا اور آخری اطلاعات ملنے تک تلاشی کارروائی جاری تھی ۔تاہم جنگجوئوں کیساتھ فورسز کا آمنا سامنا نہیں ہوا ہے۔