اِکز اقبال
آج کے تیز رفتار اور ڈیجیٹل دور میں آن لائن گیمبلنگ ایپس ،ہماری زندگیوں میں ایک خطرناک زہر کی صورت اختیار کر چکی ہیں۔ یہ ایپس بظاہر تفریح اور کمائی کا آسان ذریعہ دکھائی دیتی ہیں لیکن حقیقت میں یہ نوجوانوں کو مالی نقصان اور نفسیاتی دباؤ کے گہرے گڑھے میں دھکیل دیتی ہیں۔ ان ایپس کے پیچھے ایک ایسا نظام اور’ الگورتھم‘ کار فرما ہے جو کھیلنے والے کی نفسیات کو سمجھ کر اسے لالچ اور عادت کی زنجیروں میں جکڑ لیتا ہے۔ ابتدائی طور پر صارف کو ’ڈیمو بونس ‘دے کر جیت کا جھانسہ دیا جاتا ہے، لیکن جیسے ہی وہ اپنی رقم لگانا شروع کرتا ہے، جیتنے کی امید ایک خواب بن کر رہ جاتی ہے۔ان ایپس کا سب سے خطرناک پہلو یہ ہے کہ یہ لوگوں کو ان کے مالی وسائل اور زندگی کی قیمتی دولت سے محروم کر دیتی ہیں۔ جب کھیلنے والے ایپ کو بند کرنا چاہتے ہیں، تو یہ انہیں پُرکشش آفرز کے ذریعے دوبارہ واپس لانے کی کوشش کرتی ہیں۔ یہ چالاک نظام ان کی کمزوریوں اور عادات کو پہچان کر انہیں مستقل صارف بنانے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ یہ نظام ان نوجوانوں کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے جو پہلے ہی دینی اور اخلاقی تعلیمات سے دور ہیں اور آسانی سے پیسہ کمانے کے خواب دیکھتے ہیں۔
آن لائن گیمبلنگ ایپس نہ صرف افراد بلکہ پورے خاندانوں اور معاشرے کو تباہی کے دہانے پر لے جا رہی ہیں۔ ان ایپس کی تیز رفتار مقبولیت نے سماج کو ایک ایسی سمت میں دھکیل دیا ہے جو اخلاقی اور مالی زوال کا سبب بن رہی ہے۔ یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ ہم بطور معاشرہ مثبت اور تعمیری چیزوں کو نظر انداز کر کے ان خطرناک رجحانات کو اپناتے ہیں جو ہمیں اندر سے کھوکھلا کر دیتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان ایپس کے نقصانات کے بارے میں عوام میں شعور پیدا کیا جائے۔ ہمیں نوجوانوں کو یہ سکھانے کی ضرورت ہے کہ محنت اور ایمان داری ہی حقیقی کامیابی کی کنجی ہیں اور ان تباہ کن راستوں پر چلنے سے گریز کرنا ہی دانشمندی ہے۔ یہ زہر اگر فوری طور پر روکا نہ گیا تو ہماری آنے والی نسلوں کے لئے ایک نہایت خطرناک وراثت ثابت ہوگا۔
آخری بات۔زندگی ایک انمول نعمت ہے اور کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔ جو چیز محنت کے بغیر ملے، وہ ہمیشہ نقصان کا باعث بنتی ہے۔ اپنے وقت، توانائی اور پیسے کو ان راستوں پر خرچ کریں جو آپ کو زندگی میں کچھ سکھائیں اور سنواریں، نہ کہ ان اندھیروں میں دھکیل دیں جو آپ کو بربادی کے سوا کچھ نہ دیں۔ دینی تعلیمات، اخلاقی اصول، اور حلال روزگار ہی وہ چراغ ہیں جو آپ کے راستے کو روشن کر سکتے ہیں۔ اپنی زندگی کو عادتوں کی زنجیروں اور وقتی لالچ سے آزاد کریں اور ہمیشہ یاد رکھیں کہ اصل خوشی دوسروں کی خدمت اور اپنی ذات کی تعمیر میں ہے، نہ کہ جھوٹے خوابوں کے پیچھے دوڑنے میں۔
رابطہ۔ 7006857283
[email protected]