سرینگر //آنگن وارڈی ورکروں نے بدھ کو اپنے مطالبات کو لیکر شیر کشمیر پارک سے پریس کالونی تک ایک احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کالونی میں دھرنا دیا۔ احتجاجی جلوس میں شامل خواتین نے اپنے مطالبات حق میںنعرہ بلند کرتے ہوئے بتایا کہ 25سال قبل آنگن واڑی ورکر 75اور 25روپے پر کام کررہی تھیںاور اب انہیںصرف 3600روپے تنخواہ مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار ہم سے استاد، کبھی ڈاکٹر اور کبھی تحصیلدار کا کام لیتی ہے مگر اس کے بائوجود بھی ہمارے ساتھ کبھی بھی انصاف نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار برابر کام کیلئے برابر تنخواہ کی بات کرتی ہے مگر بنیادی سطح پر ایسا کچھ بھی نہیں کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اُمید تھی کہ خاتون وزیر اعلیٰ آنگن واڑی ورکروں کی مشکلات کو سمجھے گی تاہم وہ بھی ورکروں کے حوالے سے خاموش تماشائی بیٹھی ہے۔احتجاجی ورکروں نے ریاستی وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ آنگن وارڈی ورکروں کے مشکلات کو حل کرنے کی ذاتی مداخلت کریں۔