آندھرا پردیش میںسیلابی صورتحال | کئی علاقے زیر آب، لوگ نقل مکانی پر مجبور

Towseef
2 Min Read

عظمیٰ نیوز ڈیسک

امراوتی// آندھرا پردیش کے اننت پور میں شدید بارش کے بعد سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ 21اکتوبر کی رات اننت پور شہر اور ضلع کے دیگر حصوں میں زبردست بارش ہوئی تھی جس سے شہر کے کئی رہائشی علاقے زیر آب ہو گئے۔ لوگوں کو اپنی حفاظت کے لیے گھروں کی چھتوں پر پناہ لینی پڑی۔ حیدر آباد-بنگلورو قومی شاہراہ 44 پر ٹریفک کافی متاثر ہوا ہے کیونکہ پینو کونڈا میں بارش کا پانی سڑک پر بہہ رہا ہے۔ ان حالات میں یہاں کے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اننت پور میں پیر کی رات قریب 11 بجے شروع ہوئی بارش 22 اکتوبر صبح تک جاری رہی۔ یہاں کے باہری علاقے میں پنڈامیرو نالا اپھان پر آ گیا، جس سے شہر کے کئی حصے زیر آب ہو گئے۔ اننت پور کے نچلے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔پینو کونڈا کے گٹور میں بارش کا پانی ہائی وے پر بہہ گیا اور کچھ گھنٹوں کے لیے آمد و رفت ٹھپ رہی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور حالات پر نظر رکھنا شروع کیا گیا۔ کناگن پلے میں مکتا پور ٹینک سے بہتا پانی ہائی وے پر پہنچ گیا اور ایک مقامی پٹرول فلنگ اسٹیشن میں داخل ہو گیا۔ اننت پور کے علاوہ ستیہ سائیں ضلع میں بھاری بارش کے سبب کئی نچلے علاقے زیر آب ہیں۔ کنگنی پلی آبپاشی ٹینک کے ٹوٹنے کی وجہ سے سڑک پر پانی بھر جانے کے بعد مکتاپورم کے پاس شاہراہ پر دو کلومیٹر سے زیادہ لمبا ٹریفک جام ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق مکتاپورم کے پاس ایک فیول اسٹیشن کئی گھنٹوں تک سیلاب کے پانی میں ڈوبا رہا۔

Share This Article