آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ
ماہِ اِنعام و فیضان اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ
پچھلی قوموں کی طرح مُسلمان پر
فرض روزے ہُوئے اہلِ ایمان پر
کہہ رہا ہے یہ قُرآن اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ
خوش نصیبوں کو پِھر یہ مہینہ مِلا
رحمتوں برکتوں کا خزینہ مِلا
ہو گئے قید شیطان اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ
لیلتُ القدر والا مہینہ ہے یہ
غزوۂ بدر والا مہینہ ہے یہ
اُترا اِس ماہ میں قُرآں اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ
ہِیرا،موتی،جواہر،نگینہ ہے یہ
سب مہینوں سے افضل مہینہ ہے یہ
ماہِ رمضان کی شان اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ
دین و دُنیا بنانے کے دِن آ گئے
مانگنے اور پانے کے دِن آ گئے
خوش ہُوئے اہلِ ایمان اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ
یاد اللہ تعالٰی کو دِن رات کر
اے نیازؔ اہتمامِ عبادات کر
ہو جائیں مُشکِلیں آساں اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ
ماہِ اِنعام و فیضان اللہ اللہ
نیاز جَیراجپُوری
۶۷؍ جالندھری ، اعظم گڑھ ۔ ۲۷۶۰۰۱
یُو۔پی۔ موبائل: 09935751213
اللہ اور نبی سے قربت کا یہ مہینہ
ملتا نصیب سے ہے قسمت کا یہ مہینہ
اللہ کی ہے عنایت نعمت کا یہ مہینہ
رمضاں کا یہ مہینہ، عظمت کا یہ مہینہ
ہر دن ہے عید اس کا، ہر شب برأت اس کی
غمگین کےلئے بھی عشرت کا یہ مہینہ
انساں کا قد جو دیکھا شیطان کو لگا ڈر
اعجاز کا مہینہ، عظمت کا یہ مہینہ
مفلس کی بھی بلندی شاہوں نے جھک کے دیکھی
دولت غریب کی ہے نعمت کا یہ مہینہ
انسان سے محبت انسانیت سے اُلفت
عشرت کا یہ مہینہ، اُلفت کا یہ مہینہ
احساس کی صفائی کردار کی صفائی
پاکیزگی سے قربت، حرمت کا یہ مہینہ
اشرف عادل
کشمیر یونیورسٹی حضرت بل سرینگر
رابطہ؛ 9906540315
پیار کے نغمے سنانے ماہِ رمضاں آگیا
سب خطاؤں کو مٹانے ماہِ رمضاں آگیا
نعمتیں اچھی کھلانے ماہِ رمضاں آگیا
رزق میں برکت بڑھانے ماہِ رمضاں آگیا
گاتے ہیں ہر سو ترانے ماہِ رمضاں آگیا
رحمتیں ہم پر لٹانے ماہِ رمضاں آگیا
راستہ حق کا دکھانے ماہِ رمضاں آگیا
ہم کو دوزخ سے بچانے ماہِ رمضاں آگیا
راہ الفت کی دکھانے ماہِ رمضاں آگیا
دل سے نفرت کو مٹانے ماہِ رمضاں آگیا
ہے گناہوں سے بھرا دامن ہمارا کیا کریں!
بخششیں سب کی کرانے ماہِ رمضاں آگیا
ہاں چراغاں ہی چراغاں ہوگیا ہے ہر طرف
نور کے منظر بچھانے ماہِ رمضاں آگیا
ہو رہی ہے ہر طرف بارش درودوں کی یہاں
نعتِ احمدؐ گنگنانے ماہِ رمضاں آگیا
ہوگی محشر کی بھلا کیوں فکر اے بسملؔ تجھے
تجھ کو تو ہے بخشوانے ماہِ رمضاں آگیا
سید مرتضیٰ بسمل
طالب علم: شعبہ اردو،ساؤتھ کیمپس،کشمیر یونیورسٹی
موبائل نمبر؛6005901367
آگیا نیکی کا موسم آگیا شہرِ صیام
ساتھ لے کر بحرِ غُفراں آگیا شہرِ صیام
عنبر افشاں صُبح اسکی رات بھی پُر نور ہے
مُتقی شادان و فرحاں آگیا شہرِ صیام
عاصیوں کے قلب میںہے آس اک پیدا ہُوئی
بخش دے گا ربِّ رحماں آگیا شہرِ صیام
ضامنِ فتح و ظفر ہے راحتِ قلبِ حزین
شہرِقُراں شہرِ فُرقاں آگیا شہرِ صیام
ساتھ اسکے منسلک ہے ساعتِ جنگِ بدر
کُفر کے ایوان لرزاں آگیا شہرِ صیام
فتحِ مکہ بابِ تاباں تا ابد تک رہ گیا
فرش شاداں عرش، نازاں آگیا شہرِ صیام
اکبر و اصغرشیاطیں سب مُقّفل ہوگئے
برّیت کا لے کے ساماں آگیا شہرِ صیام
طُفیل شفیع
گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر
موبائل نمبر؛9596416377
آگیا ہے ماہ رمضان رحمتوں کے درمیاں
روزہ داری عارفوں کی برکتوں کے درمیاں
مغفرت کرنا طلب ہے مومنو اِس ماہ میں
بخش دیتا ہے خدا ہی مانگ لو اِس ماہ میں
ہوگیا قرآن نازل اس مبارک ماہ میں
ہورہا ایمان حاصل اس مبارک ماہ میں
اپنے بندوں پہ نوازش کررہا ہے ذوالجلال
میزبانی کررہا ہے وہ خدائے باکمال
وقت سحری کو بنایا یوں خُدانے پُرجمال
نعمتوں سے اپنی کرکے مومنوں کو مالا مال
شب گزاری، زُہد و تقویٰ دینداری کیلئے
ماہ رمضان میں تلاوت انکساری کیلئے
یہ مہینہ ہے مظفرؔ خالقِ اکبر کے نام
سرجُھکا کے پیش کرنا آپ بھی اپنا کلام
حکیم مظفر حسین
باغبان پورہ ، لعل بازار،سرینگر
موبائل نمبر؛9622171322