جموں //آ ل انڈیا سنٹرل کونسل آف ٹریڈ یونین کی ریاستی اکائی کی طرف سے جموں وکشمیر لیبر کمشنر کے دفتر کیساتھ احتجاج کیا گیا ۔مظاہرین نے ریاستی و مرکزی حکومت کی طرف سے مزدور طبقہ کیخلاف اپنائی گئی پالیسیوں اور لیبر قوانین میں تبدیلی پر شدید نکتہ چینی کی ۔مظاہرین نے کہاکہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مزدور طبقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے لیکن مرکزی و ریاستی انتظامیہ ان کے مسائل کو حل کر نے کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔ٹریڈ یونین کی ریاستی اکائی کے صدر او پی سنیال نے مزدور طبقہ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی مانگوں کو اجاگر کر نے کیلئے یکجا ہو کر لڑائی شروع کر یں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی غیر معیاری پالیسیوں کی وجہ سے مزدور طبقہ کے علا وہ بے روز گار نوجوانوں اور عام لوگوں کو بھی مسائل کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔اس احتجاج میں حفیظ محمد ،راجندر سنگھ ،سجاد حسین ،بودھ راج ودیگران بھی موجود تھے ۔