کولمبو//سری لنکا میں دو ماہ سے جاری سیاسی مدوجزر کے درمیان سنیچر کو وزیراعظم مہندر راج پکشے نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔ مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق کولمبو میں وجے راما میں واقع اپنی رہائش گاہ پر راج پکشے نے متعلقہ دستاویزوں پر دستخط کے بعد وزیراعظم کے عہدے سے استعفی کا اعلان کردیا۔ واضح رہے کہ صدر میتری پالا سری سینا نے اس وقت کے وزیراعظم رانل وکرما سنگھے کو برخاست کرکے ان کے جگہ پر مسٹر راج پکشے کا 26 اکتوبر کو تقرر کیا تھا لیکن اس کے بعد ملک میں غیر معمولی مشکلات پیدا ہوگئی تھیں۔ مسٹر سری سینا کے اس حکم پر پارلیمنٹ کے اسپیکر کارو جے سوریا نے سرکاری طور پر کہا تھا کہ ایوان میں اکثریت ثابت ہونے کے بعد ہی قانون طور پر مسٹر راج پکشے کو وزیراعظم کے طور پر قبول کیا جائے گا۔ لیکن جب پارلیمنٹ میں مسٹر راج پکشے کو حمایت نہیں ملی تو مسٹر سری سینا نے 9 نومبر کو پارلیمنٹ ہی تحلیل کردیا اور اگلے سال 5 جنوری کو پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔ مسٹر سری سینا نے 9 نومبر کے اس حکم نامہ کے خلاف سپریم کورٹ میں 13 عرضداشت داخل کی گئیں جس میں 225 رکنی پارلیمنٹ کو متعینہ مدت سے 20 ماہ قبل ہی تحلیل کرنے اور انتخابات کے لئے 5 جنوری کی تاریخ متعین کرنے کو کہا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے 13 نومبر کو اپنے آخری فیصلے میں مسٹر سری سینا کی سرکاری نوٹیفیکیشن کو مقامی طور پر غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انتخابات کی تیاریوں پر روک لگادی تھی۔ عدالت نے کہا کہ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے سے متعلق سرکاری نوٹی فیکیشن آئین کے خلاف ہے ۔ گزشتہ ہفتہ اس معاملے میں شنوائی ختم ہوئی تھی اور عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔ مقامی رپورٹوں کے مطابق وزیراعظم کے عہدے سے ہٹائے گئے اور اکثریت والے یونائٹیڈ نیشنل پارٹی کے لیدڑ مسٹر رانل وکرما سنگھے دوبارہ وزیراعظم مقرر کئے جائیں گے ۔ مسٹر وکرما سنگھے اتوار کو صبح 10 بجے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیں گے ۔