عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
کلکتہ //اڈیشہ اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران حزب اختلاف بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) اور کانگریس کے کئی ارکان نے ریاست میں پچھلے کچھ دنوں میں آلو کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور حکومت کی ناکامی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ مغربی بنگال حکومت کی جانب سے اڈیشہ کو آلو کی سپلائی روکنے کے بعد ریاست میں آلو کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔اُدھر مغربی بنگال کے ریاستی وزیر زراعت و مارکیٹنگ بیچارام مننا کی موجودگی میں آلو کے تاجروں نے پیر کی رات سے ہڑتال پر جانے کا اعلان کردیا ہے ۔حکومت نے آلو ایکسپورٹ کرنے کی اجازت نہیں دی ہے ۔اس ہڑتال کی وجہ سے منگل سے اوپن مارکیٹ میں آلو کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔ تاہم تاجروں کا کہنا ہے کہ ہڑتال کے باوجود پروگریسو پوٹیٹو ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی اسٹیٹ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منگل کو طلب کیا گیا ہے ۔ اس اجلاس میں ہڑتال کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔