سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے آغا سید مہدی میموریل ٹوئنٹی20ٹورنامنٹ کے فائنل میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور میچ کے آخر پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ال مہدی فائونڈیشن کی طرف سے منعقدہ یہ ٹورنامنٹ ناک آئوٹ بنیادوں پر کھیلا گیا اور ٹورنامنٹ میں وادی بھر کی 64ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل ایم ایل اے بڈگام آغا سید روح اللہ مہدی کی قیادت والی آر سی سی بڈگام اور کشمیر نائٹس سوزیٹھ کے درمیان کھیلا گیا۔ آر سی سی بڈگام نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20اووروں میں142رن بنائے اور کشمیر نائٹس کیلئے 143رن کا ہدف رکھا۔ اگرچہ ابتداء میں ایسا لگ رہا تھا کہ کشمیر نائٹس آسانی سے میچ جیت جائیں گے تاہم آر سی سی بڈگام نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو 125کے سکور پر آل آئوٹ کردیا اور ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔ آخر پر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔