عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان آغا روح اللہ مہدی کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں اپنی ذمہ داری پارلیمنٹ میں نبھانی چاہئے ۔ میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا کہ آغا روح اللہ کو عوام نے دہلی بھیجنے کے لیے منتخب کیا ہے تاکہ وہ پارلیمان میں جموں و کشمیر کے اصل مسائل اُجاگر کریں۔انہوں نے کہا کہ اُن کی اصل ذمہ داری یہ ہے کہ وہ ایوان میں اپنی آواز بلند کریں، یہاں تنقید کر کے نہ طلبہ کو کوئی فائدہ ہوگا اور نہ ہی تعلیمی نظام کو۔وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ریاست میں تعلیم سمیت تمام شعبوں کو بہتر بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور ایسے وقت میں بلاوجہ کی تنقید سے عوامی مفادات متاثر نہیں ہونے دیے جائیں گے ۔ سکینہ ایتو نے زور دے کر کہا کہ پارلیمانی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ اپنی توانائی اور صلاحیتیں دہلی میں استعمال کریں جہاں ان کے الفاظ واقعی اثر ڈال سکتے ہیں۔