سرینگر/انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے دلی میں نمائندہ ولی فقہی برائے ہندسے ملاقات کی اور ایران میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور متاثرین کی صورتحال سے متعلق جانکاری حاصل کی۔ آغا حسن نے اس موقعہ پر نمایندہ ولی فقہی کو بتایا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں اہلیان کشمیر کی ہمدردیاں اور نیک خواہشات ایرانی قوم و قیادت کے ساتھ ہیں اور ہم سیلاب متاثرین کے درد و کرب کو محسوس کرتے ہیں۔ آغا حسن نے کہا کہ ایرانی قوم گزشتہ چالیس سال سے متواتر دشمنان انقلاب کی جارحیت و سازشوں کا پامردی سے مقابلہ کررہے ہیں اور ایسی قوم آفات سماوی سے حوصلہ ہارنے والی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم اپنے بلند حوصلوں اور قوت ایمانی سے ہر مصیبت کا مقابلہ کررہی ہے۔تاہم آفات سماوی ایک ایسی مصیبت ہوتی ہے جہاں کسی بھی قوم کو اپنے خیرخواہوں کے دعاووں ، ہمدردیوں اور تسلیت کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ آغا حسن نے ہزارگنج سبزی منڈی کوئٹہ پاکستان میں ہوئے دہشتگردانہ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ میں جانبحق ہوئے افراد کے لواحقین سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔ دریں اثنا آغا سید مہدی کو ان کی 19ویںبرسی پر انجمن شرعی شیعیان نے شاندار خراج عقیدت پیش کیااور ایصال ثواب کیلئے حوزہ علمیہ میر گنڈ بڈگام میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے ساتھ ساتھ مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔