سرینگر //دختران ملت نے آسیہ اندرابی کی رہائش گاہ پر دوران شب چھاپہ مار کارروائی کی مذمت کی ہے۔ موصولہ بیان کے مطابق تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ جمعہ کو رات 11بجے پولیس کی ایک بھاری جمعیت سربراہِ تنظیم آسیہ اندرابی کے گھر میں زبردستی گھس آئی ۔اس موقع پر گھر میں کوئی نہیں تھا اور آسیہ ایک رشتہ دار کے گھر گئی ہوئی تھیں۔ ہمسایوں کے مطابق پولیس دیر تک دروازہ کھٹکھٹاتی رہی لیکن جب کسی نے دروازہ نہیں کھولا تو وہ دیواروں سے اندر کود گئے۔نسرین نے کہا کہ وردی پوش اہلکاروں نے گھر کی توڑ پھوڑ کی۔بیان کے مطابق بعد ازاں پولیس نے مقامی مسجد کے امام صاحب کو بھی ہراساں کرکے اس سے آسیہ کا اتہ پتہ دریافت کیا۔بیان کے مطابق وہاں کسی کو نہ پاکر پولیس اہلکار دروازہ کھلا چھوڑ کر نکل گئے۔