سرینگر//صحت و طبی تعلیم اور مکانات و شہری ترقیات کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے شہر سرینگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے سرینگر میونسپل کارپوریشن کی طرف سے صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔اُن کے ہمراہ جوائنٹ کمشنر ایڈمنسٹریشن ایس ایم سی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔وزیر موصوفہ نے زیرو برج ، جواہر نگر، راجباغ ، لل دید ہسپتال ،جی بی پنتھ ہسپتال اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا جس دوران ا نہیں سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر شفقت خان نے صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے جانکاری دی۔موصوفہ نے کوڑا کرکٹ کو سائنسی بنیادو ںپر ٹھکانے لگانے کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے مختلف مقامات پر کوڑے دان نصب کرنے کی افسران کو ہدایت دی۔انہوں نے ڈرینوں اور لینوں کی لگاتار صفائی ستھرائی کرنے ، فضلہ کو ٹھکانے لگانے، تمام خراب پڑی سٹریٹ لایٹوں کی فوری تجدید و مرمت اور مختلف کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے معقول منصوبہ ترتیب دینے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ انہوںنے زمینی سطح پر عوام کو بہتر بنیادی خدمات فراہم کرنے ، مقررہ اہداف کو حاصل کرنے ، ہسپتالوں کے ارد گرد صفائی ستھرائی کا اہتمام کرنے اور ہسپتال کے ارد گرد مزید کوڈے دان نصب کرنے کے بھی احکامات دئیے۔