سرینگر //وزیر مملکت برائے مکانات و شہری ترقی ، سماجی بہبود ، صحت و طبی تعلیم آسیہ نقاش نے کل پارمپورہ فروٹ منڈی کا دورہ کر کے وہاں تاجروں کو دستیاب بنیادی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے منڈی میں سڑکوں اور نکاسِ آب نظام کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے موقعہ پر ہی یو ای ای ڈی کو منڈی کے گردو نواح میں نکاسِ آب نظام کے ساتھ متاثرہ حصے کو جوڑنے کیلئے مفصل پروجیکٹ رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ نالیوں کی تعمیر کے بعد منڈی کی ذیلی سڑکوں پر تار کول بچھایا جائے گا ۔ انہوں نے متعلقہ انجمنوں کے نمائیندگان کو یقین دلایا کہ اُن کی جائیز مانگوں کو ترجیحی بنیاد پر پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو منڈی میں صفائی ، ستھرائی اور پانی کی نکاسی کا بروقت انتظام یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ بعد میں آسیہ نے پارمپورہ میں زیر تعمیر بس ٹرمنل کا بھی دورہ کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا ہے جس میں 400 بسوں کے علاوہ سومو اور میٹا ڈور رکھنے کی صلاحیت موجود ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ پروجیکٹ تکمیل کے انتہائی مراحل میں ہے ۔ وزیر نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ بٹہ مالو کو پارمپورہ بس ٹرمنل میں منتقل کرنے سے شہر میں ٹریفک کا دباؤ کم ہو گا اور اس قدم سے بٹہ مالو میں تجارتی سرگرمیوں میں بھی کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئے گی ۔ دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ جوائینٹ کمشنر ایس ایم سی ، تعمیراتِ عامہ اور یو ای ای ڈی اور ایس ڈی اے کے اعلیٰ افسران تھے ۔