سرینگر//وزیر مملکت برائے مکانات و شہری ترقی ، صحت ، طبی تعلیم و سماجی بہبود آسیہ نقاش نے کاٹھی دروازہ رعنہ واری میں قایم نفسیاتی امراض کے ہسپتال میں جاری کام کاج کا معائینہ کیا اور مریضوں کو دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا۔ وزیر نے ہسپتال احاطے میں قایم تمام شعبوں کا معائینہ کرنے کے دوران مریضوں کی نگہداشت کیلئے سہولیات اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈوں کے علاوہ کیچن ، لیبارٹری اور صفائی ستھرائی شعبے کا بھی معائینہ کیا ۔ ڈاکٹروں کے ہوسٹل ، سٹاف کوارٹروں کے معائینے کے دوران وزیر نے ہسپتال میں نئے تعمیر کئے گئے بلاک کا بھی دورہ کیا جو نیشنل مینٹل ہیلتھ پروگرام کے تحت تعمیر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مریضوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے ہسپتال حکام سے مریضوں کو دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلات طلب کیں ۔ ہسپتال کے باورچی خانے کا جائیزہ لیتے ہوئے انہوں نے مریضوں کیلئے کھانا تیار کرتے وقت حفظانِ صحت کا خاص خیال رکھنے کی ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی ۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کی بہتر نگہداشت کرکے اُن کی فوری باز آباد کاری یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ بعد میں ہسپتال حکام نے وزیر کو طبی مرکز کی کلہم کار کردگی کے بارے میں جانکاری دی اور ہسپتال کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر طبی سہولیات کو توسیع دینے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیل دی ۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت ہسپتال کی بہتر اور موثر کارکردگی کیلئے انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔ دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ، ڈاکٹر اور نیم طبی اہلکار تھے ۔