سرینگر//وزیر مملکت برائے صحت، طبی تعلیم اور سماجی بہبود آسیہ نقاش نے کل گورنمنٹ سپُر سپشلٹی ہسپتال شریں باغ سرینگر کا اچانک معائنہ کر کے طبی ادارے میں کام کاج کا جائیزہ لینے کے علاوہ وہاں مریضوں کو دستیاب خدمات کا جائیزہ لیا۔معائنہ کے دوران وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جاری سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔وزیر موصوفہ نے نیفرالوجی، گیسٹرو انٹرالوجی اور کارڈیالوجی کے لئے مکمل طور خود کار آپریشن تھیٹروں کا بھی معائنہ کیا جنہیں8.62 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے حکام کو ان اہم شعبوں میں تمام لازمی آلات کی معقول دیکھ ریکھ کو یقینی بنانے کی ہدایت دیں۔انہوں نے ہسپتال کے حفظان صحت کا خاص خیال رکھنے کی بھی ہدایت دی جو کہ مریضوں کی صحت یابی کے لئے لازمی ہے۔بعد میں ہسپتال حکام نے وزیر کو طبی ادارے کے کلہم کام کاج کے بارے میں تفصیل دیتے ہوئے ادارے کے نیادی ڈھانچے اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے مزید اقدامات اُٹھانے کی ضرورت سے انہیں آگاہ کیا۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم، میڈیکل سپُرنٹنڈنٹ، ڈاکٹروں، ہسپتال عملے اور دیگر متعلقہ افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔