سرینگر //مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے درگاہ حضرت بل کا دورہ کر کے شرائین پروجیکٹ پر جاری کام کا جائیزہ لیا۔انہوں نے مر د اور خواتین کے لئے تعمیر کئے جارہے سینی ٹیشن بلاک کے کام کا بھی جائیزہ لیا۔وزیر نے45 کروڑ روپے مالیت والے دیدہ ذیبی کے پروجیکٹ میں سرعت لانے کی ہدایت دی تا کہ اس کو وقت مقررہ کے اندر مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے افسران کو اس پروجیکٹ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اس کو رواں برس کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے حضرت بل شرائین پروجیکٹ کے لئے مختص رقومات کا منصفانہ استعمال کرنے کی بھی تلقین کی۔ایس ڈی ایم سرینگر نارتھ سید حنیف بلخی اور دیگر کئی افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔ادھر آسیہ نقاش نے جی بی پنت ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے کام کا جائیزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا بھی جائیزہ لیا۔انچارج پیڈیاٹریکس ڈاکٹر کمل جیت اور ہسپتال انتظامیہ کے دیگر افسران اور ڈاکٹر صاحبان وزیر کے ہمراہ تھے۔وزیر نے ہسپتال میں مطلوبہ اور موزوں مقامات پر کوڑے دان نصب کرنے کی ہدایت دی۔مریضوں کے تیمارداروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں استفصار کیا۔وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں اوراُن کے تیمارداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جانی چاہئے۔مناسب صفائی ستھرائی کے لئے آسیہ نقاش نے ہسپتال عمارت کی متواتر بنیادوں پر صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ہسپتال انتظامیہ کے افسران نے وزیر کو ادارے کی کارکردگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے بارے میں تفصیلات دیں۔بعد میں ہسپتال حکام نے ادارے کومزید فعال اور مستحکم بنانے کی وزیرنے درخواست کی۔آسیہ نقاش نے کہا کہ حکومت اس ہسپتال کی کارکردگی میں مزید معقولیت لانے کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔