سرینگر//مکانات و شہری ترقیاتی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے ایک میٹنگ میں حضرتبل۔ بژھ پورہ سڑک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگرا ور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وزیرموصوفہ نے مذکورہ سڑک کی کشادگی میں حائل 34 ڈھانچوں کو ہٹانے کے عمل میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے رقومات کا منصفانہ استعمال کر کے کام میں معیار کو یقینی بنانے کے بھی احکامات دئیے۔ادھر آسیہ نقاش نے بادامی باغ کنٹونمنٹ ائیریا کے تحت آنے والے علاقے میں صفائی ستھرائی اور فضلہ کو معقو ل ڈھنگ سے ٹھکانے لگانے پر زور دیاہے ۔ایک جائزہ میٹنگ میں بولتے ہوئے وزیر نے علاقے میں جاری ڈرین پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں کنٹونمنٹ کے کمانڈنگ آفیسر اور ایس ایم سی کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈرین پروجیکٹ میں سرعت لانے پر زور دیتے ہوئے موصوفہ نے صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینے کے لئے کہا۔ انہوں نے علاقے کی ڈرینوں سے 15دنوں کے اندر اندر فضلہ کو ہٹانے کی ڈیڈ لائن مقرر کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہسپتال کے ارد گرد صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لئے عملے اور مشینر ی کو کام پر لگانے کی بھی ہدایت دی۔