جموں//مریضوں کو بہتر تحقیقی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت اُجاگر کرتے ہوئے صحت و طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے مریضوں کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ پیتھالوجی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے پیتھالوجی شعبے کی طرف سے منعقد ہ سالانہ آئی اے پی ایم پیتھکون 2017ء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے اِن خیالات کا اظہار کیا۔وزیر نے کہا کہ پیتھالوجی شعبہ کسی بھی طبی ادارے کے لئے ریڈھ کی حیثیت رکھتا ہے اور کینسر کے مرض میں مبتلا مریضوں کی نگرانی کیلئے اس کی کافی اہمیت ہے ، اسلئے سرکار مذکورہ شعبے کی بہتری کے لئے کافی کوشاں ہے۔وزیر نے کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف بہتر مشورے سامنے آئیں گے بلکہ نوجوان پوسٹ گریجویٹ طلباء کی تربیت میں بھی کافی مدد ملے گی۔کانفرنس میں ملک بھر کے تقریباً 500 مندوبین ، فیکلٹی ممبران اور کالج کے طلباء نے شرکت کی ۔ جبکہ اس موقعے پر کالج کی پرنسپل پروفیسر سُتدارینہ اور دیگر سرکردہ ڈاکٹر صاحبان اور افسران بھی موجود تھے۔