سرینگر//صحت و طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے سی ڈی ہسپتال کا دورہ کر کے وہاں مریضوں کو دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے ہسپتال احاطے میں مختلف سیکشنوں کا دورہ کر کے سہولیات کا برسرِ موقعہ جائیزہ لیا۔ اس موقعہ پر آسیہ نقاش نے ہسپتال میں داخل کئی مریضوں کے ساتھ بات چیت کی اور سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ ہسپتال میں بیت الخلاؤں کی خستہ حالی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر نے ان کی جلد از جلد مرمت کرانے کی ہدایت دی ۔ ہسپتال کی ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے کہا کہ وہ اس ضمن میں ایک منصوبہ تیار کر کے ان کے دفتر میں بھیج دیں ۔ آسیہ نقاش نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ دورے کے دوران کئی عوامی وفود نے وزیر کو مشکلات سے آگاہ کیا ۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے تمام معاملات پر ترجیح بنیادوں پر غور کیا جائے گا اور علاقے میں بہتر طبی خدمات دستیاب کرانے کے امکانات کا جائیزہ لیا جائے گا ۔ کمشنر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال بھی وزیر کے ہمراہ تھے ۔