جموں / مکانات و شہری ترقی ، صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں کا اچانک معائینہ کر کے وہاں مریضوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔وزیر نے او پی ڈی شعبہ امراض جلد اور شعبہ اطفال کا معائینہ کر کے وہاں مریضوں کو فراہم علاج و معالجہ کی سہولیت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ دریں اثنا ہسپتال انتظامیہ نے وزیر کو طبی ادارے کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع کی ضرورت کے بارے میں جانکاری دی جس میں ہسپتال میں مریضوں کا بھاری رَش سے نمٹنے کے لئے او پی ڈی کی توسیع ، ایم آئی آر سہولیت، پورٹیبل ایکسر ے مشین اور دیگر طبی آلات کی فراہمی شامل ہیں۔انہوںنے طبی ادارے کے بیت الخلاء کی تجدید و مرمت ، خواتین کے لئے علاحدہ بیت الخلاء کی تعمیر ،نکاسی آب نظام کی تجدید و مرمت اور ہسپتال میں مطلوبہ عملے کی تعیناتی وغیرہ کی بھی مانگ کی۔وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت طبی ادارے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک منصوبہ مرتب کرے گی ۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین کو بہتر طبی سہولیات بہم رکھیں۔ہسپتال کے سپر انٹنڈنٹ کے علاوہ طبی ادارے کے دیگر سینئر ڈاکٹروں نے وزیر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔