سرینگر//مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نکاش نے حضرت بل حلقہ کے شیعہ آبادی والے علاقوں کا دورہ کر کے وہاں محرم الحرام کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر شفقت خان کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران بھی موصوفہ کے ہمراہ تھے۔آسیہ نقاش نے جھیل ڈل، میرک شاہ اور حسن آباد علاقہ کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ محرم کے جلوسوں کے احسن انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کریں تا کہ لوگوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کمشنر ایس ایم سی کو ہدایت دی کہ وہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کے رکھ رکھاؤ کو بھی یقینی بنائیں۔کمشنر ایس ایم سی نے وزیر موصوفہ کو جانکاری دی کہ لٹی پورہ میں اگلے تین دنوں کے اندر اندر100لائٹس نصب کی جائیں گی۔