سرینگر//دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی کی گرفتاری پر حریت (گ) چئیرمین سید علی گیلانی ،حریت (ع)اور فریڈم پارٹی سمیت دیگر مزاحمتی قائدین نے سخت تشویش کااظہا ر کرتے ہوئے محبوس خاتون لیڈر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ حریت(چیرمین) سید علی گیلانی نے کہا کہ آسیہ اندرابی کئی عارضوں میں مبتلا ہیں۔ گیلانی نے کہا کہ پی ڈی پی، بی جے پی مخلوط حکومت سیاسی قیدیوں کے ساتھ انتہائی غیر منصفانہ اور ظالمانہ سلوک روا رکھے ہوئے ہے اور انہیں جیلوں کے اندر بھی سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بیمار قیدیوں کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑا گیا ہے اور ان کے مناسب علاج ومعالجے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی کارکن فہمیدہ صوفی کو بغیر کسی جواز کے گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں رام باغ پولیس تھانے میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ خاتون رہنما بہت زیادہ علیل ہوگئی ہیں، یہاں تک کہ ان کے نظامِ تنفس کو برقرار رکھنے کے لیے مصنوعی طریقوں سے آکسیجن پہنچانے کی ضرورت پڑرہی ہے۔ ایسی حالت میں انہیں حراست میں رکھنا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ موصوفہ کو یہاں ضروری علاج دستیاب نہیں ہوسکتا ہے۔ گیلانی نے تحریک حریت راہنما محمد رستم بٹ کے علیل ہونے پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور حقوق بشر کے لیے سرگرم اداروں سے ان کی رہائی میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے ۔ادھر حریت (ع) ترجمان نے سرکردہ مزاحمتی خاتون رہنما اور دختران ملت کی سربراہ آسیہ انداربی اور فہمیدہ صوفی کی جیل میں علالت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکمران تمام مسلمہ جمہوری اور اخلاقی اصولوں اور قدروں کو نظر انداز کر کے ان خواتین کو حراست میں رکھ کر سیاسی انتقام گیری پر اتر آئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مزاحمتی رہنمائوں کے تئیں ریاستی انتظامیہ کا غیر انسانی اور غیر اخلاقی رویوں سے عبارت سلوک ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔اس دورانفریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عبداللہ طاری نے آسیہ اندرابی کی گرتی صحت اور ان کی تشویشناک حالت پر اپنی فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر ان کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ۔