سرینگر//حریت(گ)چیرمین سید علی گیلانی نے دختران ملّت کی محبوس سربراہ آسیہ اندرابی کی عدالت عالیہ کی جانب سے رہائی کے بعد پولیس کی جانب سے دوبارہ گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ گیلانی نے کہا کہ موصوفہ کئی عارضوں میں مبتلا ہونے کے باجود آہنی سلاخوں کے پیچھے جرم بے گناہی کی سزا بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خاتون وزیر اعلیٰ انسانیت اور اخلاق سے عاری ہوکر اب یہاں کی عورت ذات کے خلاف برسرِ جنگ ہوگئی ہے۔ گیلانی نے آسیہ اندرابی کی صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم مصیبتوں کے گردِ آب میں مبتلا ہے اورغاصب اور جابر طاقتیں ہمیشہ آزادی پسند کارکنوں کی زندگیاں اجیرن بناکر اپنے انتقام گیری پر مبنی جذبے کو تسکین فراہم کرتے رہتے ہیں۔ اس دوران تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ھے کہ آزادی پسند قائدین اور کارکنوں کے ساتھ ریاستی برتاؤ سیاسی انتقام گیری کی بدترین مثال پیش کر رہا ھے۔ مسلم لیگ چیئرمین مشتاق الاسلام کو کسی نامعلوم جگہ مقید رکھ کر ان کے لواحقین کو ان کے بارے میں لاعلم رکھنا اور دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی کی عدالتی احکامات کے باوجود مسلسل گرفتار رکھنا جہاں حکمرانوں کی ذہنی بوکھلاہٹ کی عکاسی کرتا ھے وہی وہ اس بدترین انتقامی سوچ کا مظہر بھی ھے جس کے تحت وہ کشمیریوں عوام کے خذبہ آذادی کو زچ کرنے کی چنگیزی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے