سرینگر// دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی دست راست فہمیدہ صوفی پر پی ایس ائے نافذ کرنے کے خلاف دختران کارکنوں نے احتجاج کیا۔سرینگر کی پریس کالونی میں درجنوں خواتین نمودار ہوئی اور انہوں نے آسیہ اندرابی اور انکی ذاتی سیکریٹری کو پی ایس ائے کے تحت بند اور کوٹ بلوال جیل منتقل کرنے کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے اسلام و آزادی کے حق میں بھی نعرہ بازی کی۔انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی قید میں علیل ہیں جبکہ وہ پہلے ہی کئی عارضوں میں مبتلا ہیں۔احتجاجی خواتین نے آسیہ اندرابی کی گرفتاری کو غیر قانونی اور انسانی قرار دیتے ہوئے الزم عائد کیا کہ سیاسی رقابت کی بنیادوں پر سرکار ان سے خائف ہے۔انہوں نے فوری طور پر آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔اس دوران اعت اسلامی ،نیشنل فرنٹ، لبریشن فرنٹ ( آر )، پیپلز لیگ،اسلامک پولٹیکل پارٹی،مسلم کانفرنس ،محاز آزادی ،ووئس آف وکٹمز،انٹرنیشنل فورم فارجسٹس ،ینگ مینز لیگ ، تحریک استقامت اور پیروان ولایت نے دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی اور اُن کی ساتھی فہمیدہ صوفی پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے اطلاق کو سیاسی انتقام گیرانہ ررویہ قرار دیتے ہوئے ایسی کارروائیوں کو غیر جمہوری اور غیر اخلاقی قرار دیا ہے۔جماعت اسلامی نے آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کی گرفتاری اور ان پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے اطلاق کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے ایسی کارروائیوں کو غیر جمہوری اور انسانیت کش قرار دیا ہے۔سینئر حریت لیڈر اور نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے خاتون آزادی پسند لیڈر پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے نفاذ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حرکت انتظامیہ کی بے شرمی کو ظاہر کرتی ہے۔اپنے ایک بیان میں نعیم خان نے کہا کہ ایک بیمار خاتون کو گرفتار کرنا ہی مذموم تھا اور اب اس کو سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیجنا یہی ظاہر کرتا ہے کہ انتظامیہ اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار ہے۔انہوں نے علیل آسیہ اندرابی اور اُن کی ساتھی صوفی فہمید ہ کو فی الفور اور بلا شرط رہا کرنے پر زور دیا۔لبریشن فرنٹ ( آر ) کے چیئرمین فا روق احمد ڈار (بٹہ کراٹے ) نے اپنے ایک بیان میں شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی ریاستی حکمرانوں کے لئے ایک بد نماداغ ہے جو عورت ذات کے حقوق سے متعلق دن رات بلند بانگ دعوے کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ریاست کی تاریخ کا تاریک ترین دور ہے اور’’خیالات کی جنگ‘‘ سے متعلق ان کے سبھی دعوے سراب ثابت ہوئے ۔ پیپلز لیگ کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی آسید اندرابی، فہمیدہ صوفی اور مسرت عالم بٹ سمیت دیگر قائدین کی مسلسل گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خانہ نظر بندیوں ، چھاپوں اور گرفتاریوںسے کشمیر یوں کی آواز کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جاسکتا۔ اسلامک پولٹیکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے کہا کہ مسرت عالم بٹ ، آسیہ اندرابی اور صوفی فہمیدہ کو سیاسی انتقام گیری کا شکار بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس اے کو عالمی سطح پر ایک بے رحم قانون قرار دیا گیا ہے مگرانتظامیہ اس قانون کو عوام کے خلاف کثرت سے استعمال کررہی ہے۔ مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمدڈار،محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر،ووئس آف وکٹمزترجمان ،انٹرنیشنل فورم فارجسٹس کے چیئرمین محمداحسن اونتو،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی ، تحریک استقامت کے چیرمین غلام نبی واراور پیروان ولایت کے جنرل سیکریٹری آغا سید یعصوب نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی پر دوبارہ سیفٹی ایکٹ لگانے اور انہیں کوٹ بلوال جیل منتقل کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔مزاحمتی جماعتوں نے سینئر مزاحمتی لیڈرمشتاق الاسلام کی گرفتاری اور انہیں نامعلوم جگہ پر قید رکھنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتقام گیری سے تعبیر کیا ہے۔