آسٹریلیا کے نوجوان آل راؤنڈر مچل مارش کندھے کی انجری کے باعث اگلے 9 ماہ کے لیے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد رواں سال کے ایشز مقابلوں میں شرکت کی ان کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔مچل مارش کندھے کی انجری کے باعث آسٹریلیا کی ہوم سیریز میں بھی مشکل میں نظر آئے تھے جبکہ گزشتہ ہفتے اسی انجری کے باعث ہندوستان کے خلاف بقیہ دو ٹیسٹ میچوں سے بھی باہر ہوگئے تھے۔خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ مارش کی سرجری ان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس کے بعد اگر وہ مکمل ردھم سے باؤلنگ کرنے میں کامیاب ہوئے تو انھیں رواں سال نومبر کے آخر میں شروع ہونے والی ایشز سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔خیال رہے کہ مچل مارش نے جب 2014 میں ڈیبیو کیا تھا تو انھیں آسٹریلوی ٹیم میں معیاری آل راؤنڈرز کی حیثیت سے اہم مقام دیا گیا تھا تاہم ٹیسٹ میچوں میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکامی پر سخت تنقید بھی کی گئی۔