لاہور/ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے ٹیم سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا جس کی قیادت شعیب ملک کریں گے۔ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کی جگہ شعیب ملک کریں گے جب کہ سرفراز احمد کو آرام کا موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پاکستانی ٹیم میں سرفراز احمد کے علاوہ مزید 6 کھلاڑیوں کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں فخرزمان، بابر اعظم، حسن علی، شاداب خان اور شاہین آفریدی شامل ہیں، محمد حفیظ کو انجری کی وجہ سے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جب کہ حسین طلعت کو زیرغور نہیں لایا گیا۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں عمراکمل، حارث سہیل، جنید خان اور یاسر شاہ کی واپسی ہوئی ہے جب کہ ڈیبیو کے منتظر عابد علی، سعد علی اور محمد عباس سمیت پاکستان سپر لیگ میں 150 کی رفتار سے گیند کروانے والے محمد حسنین کو بھی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے منتخب 16 رکنی اسکواڈ میں شان مسعود، امام الحق، عابد علی، حارث سہیل، سعد علی، عمراکمل، شعیب ملک کپتان، محمد رضوان، عماد وسیم، یاسر شاہ، محمد عباس، محمد عامر، جنید خان،فہیم اشرف، عثمان شنواری اور محمد حسین شامل ہیں۔