یو این آئی
برسبین/میگن شوٹ (پانچ وکٹ) کی مہلک گیند بازی کے بعد جارجیا وال (46 ناٹ آؤٹ) اور فوبی لیچ فیلڈ (35) کی شاندار بلے بازی کی بدولت آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے جمعرات کو پہلے ون ڈے میں ہندوستانی ٹیم کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ 100 رن کے چھوٹے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی جارجیا وال اور فوبی لیچ فیلڈ نے اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 48 رن جوڑے ۔ رینوکا سنگھ نے ساتویں اوور میں فوبی لیچفیلڈ (35) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد نویں اوور میں رینوکا نے ایلیز پیری (ایک)، بیتھ مونی (ایک) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو واپسی کی امید دلائی۔ اینابیل سدرلینڈ (6) اور ایشلے گارڈنر (8) کو پریا مشرا نے آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا نے 16.2 اووروں میں پانچ وکٹ پر 102 رن بناکر میچ پانچ وکٹ سے جیت لیا۔ میگن شوٹ کو شاندار باؤلنگ پر ‘پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہندستان کی جانب سے رینوکا سنگھ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پریا مشرا نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے آج ہندوستانی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آنے والی ہندوستانی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور صرف 19 کے اسکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔ اسمرتی مندھانا (آٹھ) اور پریا پونیا (تین) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد ہرلین دیول اور کپتان ہرمن پریت کور نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ 12ویں اوور میں ایشلے گارڈنر نے ہرلین دیون (19) کو آؤٹ کر کے ہندستان کو تیسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد سدرلینڈ نے کپتان ہرمن پریت کور (17) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ جمائمہ روڈریگز (23) اور ریچا گھوش (14) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ باقی ماندہ بلے بازوں میں سے کوئی بھی آسٹریلیائی بولنگ اٹیک کے سامنے نہ رک سکی۔ سات بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکیں۔ پوری ہندوستانی ٹیم 34.2 اوور میں 100 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے میگن شوٹ نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کم گارتھ، ایشلے گارڈنر، اینابیل سدرلینڈ اور الانا کنگ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔