جموں وکشمیر کی تعمیر ہر شہری کا فرض:ایل جی
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کل بارڈر سیکورٹی فورس کی جانب سے منعقدہ ’پیڈل فار ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ ریلی میں شرکت کرنے والے 79 سائیکلسٹوں کو مُبارک باد پیش کی۔ یہ سائیکل ریلی 79ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔ریلی میں شامل 79 سائیکل سواروں میں 40 مقامی نوجوان اور 39 بی ایس ایف اہلکار شامل تھے۔ اُنہوں نے79 کلومیٹر ’ بی ایس ایف کیمپس بانڈی پورہ ۔ مانسبل ۔سنبل – شالہ ٹینگ ۔ حیدرپورہ ۔بخشی سٹیڈیم ۔ فرنٹیئر ہیڈکوارٹر بی ایس ایف کشمیر ہمہامہ ‘کا فاصلہ طے کیا ۔ اِس ریلی نے ہندوستان کی ثقافتی تنوع، قومی یکجہتی اور مشترکہ شناخت کے جذبے کو اُجاگر کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’بی ایس ایف کی یہ ریلی جو کئی قصبوں اور دیہاتوں سے گزری، نوجوانوں کے لئے ایک تحریک ثابت ہوئی اور انہیں ہمارے بانیانِ وطن کے ویژن اور اُن کی بے لوث خدمت کے اصولوں کی یاد دلائی۔ جموں و کشمیر کے ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ اس راستے پر گامزن ہو اور جموں کشمیر کی تعمیر کے لئے اَپنے خوابوں کو پورا کرے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ 79 کلومیٹر کا یہ فاصلہ ہندوستان کی آزادی کے 79 برس اور ان برسوں کی جدوجہد کی نمائندگی کرتا ہے، اور ہر سائیکل سوار معاشرے کی اصل طاقت کا مظہر ہے جیسے ہر سپاہی قوم کی طاقت کا نمائندہ ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں اور معاشرے کے تمام طبقات سے خود احتسابی کی اپیل کی اور ’وِکست جموں کشمیر‘ اور ’وِکست بھارت‘ کے مقصد کے لئے خود کو وقف کرنے کا عزم لینے کی تلقین کی۔اُنہوں نے معاشرے پر زور دیا کہ وہ ان عناصر کے خلاف ہوشیار اور چوکس رہیںجو امن اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے باخبر شہریوں اور سول سوسائٹی سے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں بھرپور شرکت کرنے اور ہر کنبے کو اس مہا یگیہ (قومی مہم) کا حصہ بننے کی ترغیب دینے کی اپیل کی۔تقریب میں آئی جی بی ایس ایف کشمیر فرنٹیئر اشوک یادو، آئی جی ایس ٹی سی بی ایس ایف کشمیر سولومن یش کمار مِنز، ضلع ترقیاتی کمشنربڈگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، ایس ایس پی بڈگام نکھل بورکر، بی ایس ایف، سول و پولیس انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران، سائیکل سوار اور بڑی تعداد میں نوجوان موجود تھے۔