نئی دہلی//دلی کی جواہرلعل یونیورسٹی میں کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے حق میں تازہ پوسٹرچسپاں ہونے بیچ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر ونکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ مرکزی سرکار’’ آزادی‘‘ کے نعروں کو غداری کے قانون کے تحت لانے کے منصوبے پر کام کررہی ہے۔جمعرات کی شب جے این یو میں اسکول آف سوشل سائنسز کے نئے بلاک کی عمارت پر ایک بہت بڑا اشتہار چسپاں نظر آیا جس پر لوگوں کے جلوس کی تصویر کے ساتھ’’کشمیر کیلئے آزادی، فلسطین کو آزاد کرو، حق خودارادیت پائندہ باد‘‘ کے نعرے درج تھے۔اس سلسلے میں اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر ونکیا نائیڈو نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکز نے ’’آزادی‘‘ جیسے ’’ ملک دشمن نعروں‘‘ کو سخت قانون کے دائرے میں لانے کا منصوبہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا’’آزادی کے حق میں نعرے بلند کرنا غداری کے مترادف ہے، اگر یہ غداری نہیں ہے تو مجھے نہیں معلوم یہ کیا ہے‘‘؟انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار غداری سے متعلق قانون میں ترمیم کرکے اسے مزید سخت بنانے پر غور کررہی ہے۔مرکزی وزیر کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ملک دشمن نعرے بازی کرکے افضل گوروکی یاد منانے کی کوشش کررہے ہیں اور کشمیر کیلئے آزادی اور علیحدگی کے معاملات اٹھارہے ہیں۔