نئی دہلی//سابق وزیراعلیٰ اورراجیہ سبھامیں اپوزیشن کے لیڈرغلام نبی آزاداورسابق مرکزی وزیرپروفیسر سیف الدین سوزکیخلاف پٹیالہ ہائوس کورٹ نئی دہلی میں ایک وکیل نے شکایت دائرکردی ہے جس میں دونوں کانگریس لیڈران کوبغاوت کے تحت کارروائی کی استدعاکی گی ہے۔غلام نبی آزادکے حالیہ بیان کہ کشمیرمیں ملی ٹنٹ مخالف کارروائیوں کے دوران جنگجوکم اورعام شہری زیاد ہ مارے جاتے ہیں ،کیخلاف دلی کے ایک وکیل نے مقامی عدالت میں شکایت جمع کرادی ہے ۔ ایڈوئوکیٹ ششی بھوشن نے پٹیالہ ہائوس کورٹ میں جمع کرائی گئی الگ الگ تحریری شکایات میں یہ موقف اپنایاہے کہ غلام نبی آزاداورپروفیسرسیف الدین سوزکے کشمیرمسئلے اورکشمیرمیں ہلاکتوں سے متعلق حالیہ بیانات ملک سے بغاوت کے زمرے میں آتے ہیں ،اسلئے دونوں کیخلاف انڈین پینل کوڈکی دفعات زیرنمبر124(بغاوت)،120B(مجرمانہ سازش)اوردفعہ505(1)(فوج وفورسزکیخلاف غلط افواہیں پھیلانا)کے تحت مقدمے درج کئے جائیں۔ایڈوکیٹ بھوشن نے اپنی شکایت میں کہاہے کہ غلام نبی آزادنے اپنے بیان کے ذریعے فوج کوبطورقاتل پیش کرنے کیساتھ ساتھ ملک کیخلاف جنگ جیسی حرکت کاارتکاب کیاہے ۔ پٹیالہ ہائوس کورٹ نئی دہلی کے جج نے غلام نبی آزادکیخلاف دائرکردہ شکایت کومنظورکرتے ہوئے اس معاملے کی شنوائی کیلئے سنیچرکادن مقررکیا۔سیف الدین سوزکیخلاف پٹیالہ ہائوس کورٹ میں دائرشکایت منظورکرتے ہوئے اس معاملے کی شنوائی کیلئے بھی سنیچرکادن مقررکیا۔