سرینگر// آر پار تجارت میں چنداہم اشیاء پر کسٹم ڈیپارمنٹ کی جانب سے پابندی عائد کرنے سے تجارت پر خطرات کے بادل منڈلاتے نظر آرہے ہیں کیونکہ سلام آباد کراس ایل او سی ٹریڈریس یونین نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان اشیاء پر یکم پارچ تک پابندی نہیں ہٹائی گئی تو وہ تجارت کو مئوخر نہیں بلکہ پوری طرح بند کر دیں گے جسے حکومت دوبارہ شروع کرنا بھی چاہے مگر تاجر اسے پھر سے بحال نہیں کریں گے ۔ سرینگر کے ایک مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران سلام آبادکراس ایل او سی ٹریڈریس یونین نے آر پار تجارت میں گراوٹ کو حکومتی سازش سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اگر یکم مارچ تک ان اشیاء پر پابندی نہیں ہٹائی گئی تو وہ کراس ایل او سی تجارت کو مکمل طور بند کر دیں گے ۔یونین ذمہ داران نے بتایا کراس ایل او سی ٹریڈ میں حکومت کی جانب سے جی ایس ٹی پورٹل کے متعلق کوئی پالیسی مرتب نہیں کی گئی ہے جبکہ پورے ملک میں جی ایس ٹی لاگو ہوا ہے لیکن کراس ایل او سی تجارت میں ابھی بھی اس قانون کا اطلاق باقی ہے جس کے متعلق حکومت کو کئی بار آگاہ بھی کیا گیا لیکن وہ ٹس سے مس نہیں ہوتے ہیں ۔تاجروں نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراس ایل او سی تجارت کے متعلق کوئی ٹھوس تجارتی پالیسی مرتب کر نے میں گذشتہ8برسوں سے بُری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔اس موقع پر کراس ایل او سی یونین کے صدر ہلال ترکی نے پریس کانفرنس کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کو بتایا ’’ کافی مشکلات کے باوجود آر پار تجارتی سرگرمیوں کو قائم رکھنے کے بعد بھی کسٹم ڈیپارٹمنٹ نے آر پار تجارت میں دونوں طرف سے 21متفقہ اشیاء میں سے 4 اشیاء جس میں پستا، سیب،چارمغز اور انار دانہ شامل ہیں پر پابندی عائد کی ہے جس کی وجہ سے پہلے ہی مشکلات سے دو چار اس تجارت کو مزید جھٹکا لگا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ ایک طرف حکومت آر پار تجارتی نظام کو مزید فعال بنانے کی غرض سے مزید 7 تجارتی پوائنٹ کھولنے کا دعوی کر رہی ہے مگر 8 برس قبل ہند پاک حکومتوں کی متفقہ رضامندی کے بعد سی بی ایم کے تحت کھولے گئے پہلے سے پڑے دو پوائنٹوں پر ہو رہی تجارت کوآئے روز مشکلات در پیش آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہاں سے کچھ بھی بھیجا جا سکتا ہے لیکن وہاں سے بدلے میں کیا لائیں گے ۔انہوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر یکم مارچ تک مذکورہ اشیاء پر پابندی نہیں ہٹائی گئی تو وہ کراس ایل او سی ٹریڈ کو مکمل طور بند کر دیں گے جس کی ساری زمہ داری ریاستی حکومت پر عائد ہوگی ۔