اوڑی//کاروان امن بس سروس کی دوبارہ بحالی کے بعدآرپار تجارت بھی بحال کردی گئی ہے۔ 4 مال بردار ٹرک کمان پل عبور کر کے چکوٹی روانہ ہوئے تاہم چکوٹی سے سلام آباد کوئی بھی ٹرک نہیں آیا۔اس دوران ایس ڈی ایم اوڑی نے کسٹم آفس سلام آباد کو تالہ بند کیا۔ مسلسل دو ہفتے آرپار تجارت بند رہنے کے بعد منگل کودوبارہ بحال ہوگئی۔ معلوم ہو ا ہے کہ چار مال بردار ٹرک جن میں مرچی اور املی بھرے ہوئے تھے، چکوٹی روانہ ہوئے۔تاہم چکوٹی سے سلام آباد کوئی بھی مال بردار ٹرک نہیں آیا کیونکہ سرحد پار ٹرک ڈرائیور یہاں آنے کے لئے آمادہ نہیں ہیں اور وہ حراستی ڈرائیور کو رہا کر نے کی مانگ کر رہے ہیں۔سب ضلع مجسٹریٹ اوڑ ی اور انچارج کسٹوڈین ٹریڈ فسلیٹشن سنٹر سلام آباد ڈاکٹر ڈی ساگر ڈائفوڈ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سلام آباد ٹریڈ فسلیٹشن سنٹر پر کسٹم آفس کے ملازم ڈیوٹی سے غیر حاضر تھے اس لئے کسٹم آٖفس کو تالہ بند کردیا گیا۔