عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی //سنجے ملہوترا نے بدھ کو بھارتی ریزرو بینک (آر بی آئی) کے 26ویں گورنر کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ آر بی آئی کے مرکزی دفتر پہنچنے پر بینک کے سینئر عملے نے ان کا استقبال کیا۔ آر بی آئی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ملہوترا کی عہدہ سنبھالنے کی اطلاع دی اور ان کی تصاویر بھی شیئر کیں۔تقریب کے دوران ڈپٹی گورنرز سوامیناتھن جے، ایم راجیشور راؤ اور ٹی ربی شنکر بھی موجود تھے۔ ملہوترا، جو 1990 کے بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں، بجلی، مالیات اور ٹیکس جیسے شعبوں میں مہارت کے ساتھ پالیسی سازی کا 30 سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔ ملہوترا اس وقت مرکزی بینک کی قیادت کر رہے ہیں جب معیشت کم شرحِ نمو اور مہنگائی کے دباؤ سے نبرد آزما ہے۔ ان کے پیش رو شکتی کانت داس نے معیشت کی موجودہ حالت کو غیر مستحکم قرار دیا تھا۔گزشتہ سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح نمو سات سہ ماہیوں کی کم ترین سطح 5.4 فیصد پر آ گئی ہے جبکہ اکتوبر میں خوردہ مہنگائی کی شرح 14 ماہ کی بلند ترین سطح 6.21 فیصد تک پہنچ گئی۔