سرینگر// کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کہا کہ جب انکی جماعت نے رفیوجیوں کو شناختی کارڈ فراہم کرنے کا فیصلہ لیا تھا تب پی ڈی پی نے اسکی مخالفت کی تھی اور آج جب یہ جماعت اقتدار میں ہے تو اس نے وہی فیصلہ لیا ، جس کی یہ مخالفت کیا کرتی تھی ۔ میر نے کہا کہ مغربی پاکستان کے رفیوجیوں کو شناختی کارڈ کی فراہمی اور بھارتی شہریت دینے پر انکی جماعت اپنے اسٹینڈ پر قائم ہے۔ انہوں کہاکہ رفیوجیوں کو بھارتی شہریت مل سکتی ہے لیکن وہ ریاست کے شہری نہیں بن سکتے اور نہ انکے حق میں مستقل اقامتی اسناد کی اجرائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔میر نے کہا کہ اصل میں پی ڈی پی سرکار اور وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی خود فیصلے نہیں لیتی بلکہ وہ آر ایس ایس کی ڈکٹیشن پر عمل کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی اپنا اقتدار بچانے کیلئے آر ایس ایس کے ہر حکم پر عمل کرتی رہی ہیں اور یہی اس جماعت اور اسے وابستہ لیڈروں کا اصل اندرون ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی طرف سے جو بھی کوئی پالیسی مرتب کی جاتی ہے یا جو بھی کوئی ڈکٹیشن دیا جاتا ہے ، اسکے درپردہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے مفادات ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس نے آج تک جتنے بھی ریاست مخالف فیصلے لئے ، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ان فیصلوں اور اقدامات کا عملانے کی راہ ہموار کی ۔