ناگپور: آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے صدر جمہوریہ بننے کے امکانات سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے ناگپور میں کہا کہ میڈیا میں جو چل رہا ہے وہ ہو گا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس میں شامل ہونے کے بعد میں نے باقی تمام دروازے بند کر لئے۔ غور طلب ہے کہ بی جے پی کی اتحادی شیوسینا نے پیر کو موہن بھاگوت کو صدر کے عہدہ کا امیدوار بنائے جانے کی تجویز پیش کی تھی۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ اور پارٹی کے ترجمان اخبار 'سامنا' کے ایگزیکٹو ایڈیٹر سنجے راوت نے کہا کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت خاص طور پر بی جے پی کو ملک کے اگلے صدر کے لیے آر ایس ایس کے سرسنگھ چالک موہن بھاگوت کے نام پر غور کرنا چاہئے، اگر وہ 'ہندو راشٹر' کے اپنے خواب کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔راوت نے کہا تھا کہ شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے کا بھی خیال ہے کہ ہندوستان کو 'ہندو راشٹر' بنانے کے لئے بھاگوت کو اگلا صدر بنایا جانا چاہئے۔ حالانکہ شیوسینا کی تجویز پر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ وہ سنگھ میں کام کرتے ہیں اور انہیں راشٹرپتی بھون نہیں جانا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے پاس پیشکش آتی بھی ہے تو وہ قبول نہیں کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ موجودہ صدر پرنب مکھرجی کی مدت جولائی میں ختم ہو رہی ہے۔ اگلا صدر اس سے پہلے منتخب کر لیا جائے گا۔