پلوامہ//آری ہل پلوامہ میںگزشتہ ایک ہفتے کے دوران دوسری بار شبانہ چھاپوں کے دوران ایک درجن نوجوانوںکو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب آری ہل گائوں میںکئی رہائشی مکانوں پر چھاپے مارے۔ اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر12نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا ۔اس سے قبل22 اور 23مارچ کی درمیانی شب اسی گائوں میں اسی طرح کی کارروائی میں14افراد کو حراست میں لیا گیا جو ہنوز بند ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان معصوم ہیں اور وہ کسی بھی طرح کے پتھرائو میں ملوث نہیں ہیں کیونکہ علاقے میں کہیں بھی کوئی پتھرائو کے واقعات پیش نہیں آئے ہیں۔لاگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار شدہ افراد میں کئی نابالغ اور سکولی بچے بھی شامل ہیں۔تاہم پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ نوجوان پتھرائو کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔اس دوران شام کے وقت پولیس اور مظاہرین کے درمیان آری ہل میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔پولیس نے گائوں میں داخل ہوکر نوجوانوں کی لسٹ مقامی لوگوں کے حوالے کرنے کی کوشش کی تاکہ مطلوب نوجوانوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے۔اس پر مقامی آبادی مشتعل ہوئی جس کے بعد پولیس کو شلنگ کرنا پڑی۔واضح رہے کہ حالیہ ایام میں پلوامہ کے مختلف علاقوں سے100سے زائد نوجوانوں کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔ان علاقوں میں مورن، کنگن، کریم آباد، اُرون، لرو ، کاکہ پورہ، متری گام،زاکیگام کے علاقے قابل ذکر ہیں۔