پلوامہ //پلوامہ کے آری ہل علاقے میں فورسز نے دوران شب ایک درجن سے زیادہ نوجوانوں کو چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا جس کے خلاف مقامی لوگوں نے شوپیان پلوامہ روڑ پرکھامری کے مقام پر دھرنا دیکر گرفتار نوجوانوں کے رہائی کا مطالبہ کیا ۔ پلوامہ کے آری ہل گائوں میں گزشتہ رات شبانہ چھاپوں کے دوران ایک درجن سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیاجس کی وجہ سے مزکورہ گائوں میں زبردست خوف دہشت کا ماحول پیدا ہوا ۔ مقامی لوگوں اور نوجوانوں کے رشتہ داروں نے گرفتاریوں کے خلاف زبردست غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات کو شوپیان پلوامہ روڑ پر کھامری کے مقام پر احتجاجی دھرنا دیکر گرفتار نوجوانوں کے رہائی کا مطالبہ کیا ۔ پولیس ذرائع سے معلوم ہوا کہ گرفتار نوجوان پتھرائواور علاقے میں امن و قانون کی صورت حال بگاڑنے میں ملوث ہیں جسکی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا گیا ۔ کچھ وقت تک دھرنے کے بعد پولیس کے ایک افسر کی یقین دہانی پر لوگوں نے اپنا احتجاج ختم کیا ۔ مقامی لوگوں نے گرفتار نوجوانوں کے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے