پلوامہ //آری ہل پلوامہ میںگزشتہ ایک ہفتے کے دوران تیسری بار شبانہ چھاپوں کے دوران سنگبازی کے الزام میں ایک65سالہ شہری سمیت مزید 15افراد کوگرفتار کیا گیاہے ۔جس کے ساتھ ہی گرفتار کئے گئے افراد کی تعداد50کے قریب پہنچ گئی ہے۔جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب آری ہلگائوں کو ایک بار پھر محاصرہ میں لیکر کئی رہائشی مکانوں پر چھاپے مارے گئے۔ اس کارروائی کے دوران مجموعی طورمزید15نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا ۔گرفتار شدگان میں ایک65سالہ شہری بھی شامل ہے۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے بستی کے مکینوں کو خوفزدہ کیا اور چھاپوں کے دوران نہ صرف لوگوں کی مارپیٹ بلکہ گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔قابل ذکر ہے کہ یہ گزشتہ ہفتے کے دوران گائوں میں پولیس کی طرف سے عمل میں لائی گئی اپنی نوعیت کی تیسری کارروائی تھی۔ اس سے قبل 22اور23 اور29و 30مارچ کی درمیانی شب شبانہ چھاپوں کے دوران پہلے14اور پھر12 نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا۔اس طرح گائوں میں اب تک 40سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔قابل ذکر ہے کہ پلوامہ ضلع میں گزشتہ کئی دنوں سے آنے والے پارلیمانی ضمنی الیکشن کے پیش نظر چھاپہ مارکارروائیو ں کا سلسلہ وسیع پیمانے پر جاری ہے جس کے دوران مختلف علاقوں سے200سے زائد نوجوانوں کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا ہے کہ حراست میں لئے گئے افراد میں سے کوئی بھی پتھرائو میں ملوث نہیں تھا۔اس ضمن میں کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایس ایس پی پلوامہ رئیس بٹ نے بتایا کہ گرفتار شدہ افراد پولیس پر کچھ روز قبل پتھرائومیں ملوث تھے اور کسی بھی بے قصور کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔