پلوامہ//آری ہل پلوامہ میں شبانہ چھاپوں کے دوران9نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف پلوامہ میں پتھرائو کیا گیا۔پولیس کے چھاپہ مار دستوں نے جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب آری ہل علاقے کا محاصرہ کرکے کئی رہائشی مکانوں پر چھاپے مارے۔ اس کارروائی کے دوران مجموعی طور مزید9نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا جن کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سنگبازی کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے بستی کے مکینوں کو خوفزدہ کیا اور چھاپوں کے دوران نہ صرف لوگوں کی مارپیٹ بلکہ گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔سنیچر کی صبح پلوامہ قصبے میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے پہلے مورن چوک میں پتھرائو کیا اور بعد میں مین چوک پلوامہ میں بھی سنگباری کی گئی۔لیکن اسکے بعد صورتحال جلد ہی معمول پر آگئی۔ادھرجمعہ کی شب ساڑھے9بجے فوج کی50آر آر اور ایس او جی سے وابستہ اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد نے اچانک نیو کالونی کاکہ پورہ نامی بستی کو گھیرے میں لیکر تلاشی کاروائی شروع کی۔فورسز نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ پوری رات جاری رکھا جس دوران رہائشی مکانات کا کونا کونا چھان مارا گیا اور بستی کے چپے چپے کی تلاشی لی گئی۔تاہم فورسز کو جنگجوئوں کا کوئی سراغ نہیں ملا جس کے بعد علی الصبح3بجے محاصرہ اٹھالیا گیا۔