سرینگر //آرینز گروپ آف کالج چندی گڑھ میں زیر تعلیم کشمیری طلباء نے ایک نئی کوشش کے تحت کشمیر میں مسلم اکثریت کیلئے رمضان ایپ تیار کیا ہے۔رمضان ایپ کمپوٹر سائنس کے شعبہ میں زیر تعلیم جموں و کشمیر کی چار لڑکیوں نے تیار کیا ہے جو مسلم آبادی کو رمضان البارک میں مدد دے گا۔ رمضان ایپ کے تمام خصوصیا تازخود کام کرتے ہیں اور یہ سحری کے وقت لوگوں کو جگانے میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہے جبکہ افطار کے وقت بھی لوگوں کو افطار کے وقت کی یاد دلاتے ہوئے وقت پر روزہ کھولنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ رمضان ایپ گوگل پلے سٹور پر بھی دستیاب ہے۔ آرینز کالج میں رمضان ایپ تیار کرنے والی طالبات میں مہوش رشید، بسمہ پروین کا تعلق سرینگر سے ہے جبکہ پوجا سفیہ اور مانسی سلاریہ جموں سے تعلق رکھتی ہے۔چیئرمین آریز کالج ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے میڈیا کو بتایا کہ آرینز کالج نے اپنے طلبہ کو نئی ایجادات اور لائو پروجیکٹوں کیلئے تیار کیا ہے جو سماج میں تبدیلی پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر طلبہ کو لائو پروجیکٹوں میں کافی دلچسپی ہے اور اسلئے کالج صحیح سمت میں انکی مدد کررہا ہے۔اس موقعہ پر کشمیر طالبات بسمہ اور مہوش نے بتایا کہ وہ اپنا علم ان مسلمانوں کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہیں جنہیں رمضان میں سحری پر نیند سے اٹھنے میں اور افطار پر روزہ کھولنے میں تکلیف ہوتی ہے۔ جموں سے تعلق رکھنے والی طالبات پوجا سفیہ اور مانسی سالاریہ نے کہا کہ یہ ایک مشکل کام تھا کہ ایک بڑی کمیونٹی کیلئے ایسا ایپ کم وقت میں تیار کرنا مگر کالج انتظامیہ کے اشتراک سے یہ ایپ 72گھنٹوں میں تیار کرکے اپنا خواب پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے شک یہ ایک چھوٹی کوشش ہے مگر ہم اس میں اذان بھی شامل کرنا چاہتے ہیں۔