پلوامہ// ضلع پلوامہ کے ایک مضافاتی گائوں میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے جموں و کشمیر کی بنک شاخ لوٹ لی۔آری ہل میں جمعرات کو چار نامعلوم مسلح افراد جموں وکشمیر بینک کی ایک شاخ میں داخل ہوئے اور وہاں سے قریب 13لاکھ سے زائد کی رقم بندوق کی نوک پر لوٹ لی۔پولیس نے بتایا کہ پولیس کے جائے واردات پر پہنچنے سے قبل ہی سبھی مسلح افراد رقم لے کر رفو چکر ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ لٹیروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے کرنسی نوٹوں پر پابندی عائد کئے جانے کے بعد یہ وادی میں کسی بینک میں ڈکیتی کا دوسرا واقعہ ہے۔ جے کے بنک زونل سربراہ محمد مقبول نے کہا کہ مسلح افراد نے 13لاکھ 38ہزار روپے لوٹ لئے۔ایس ایس پی پلوامہ رئیس بٹ نے کہا کہ مسلح افراد نے بنک ملازمین کو ہاتھ اوپر اٹھانے کیلئے کہا کہ اور رقم لوٹ لی۔ اسکے علاوہ انہوں نے کچھ کمپوٹروں کو بھی نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ کیس رجسٹر کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ یاد رہے اس سے قبل ملہ پورہ چاڑورہ مٰں بھی بنک لوٹ لیا گیا تھا۔