سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے عبد الاحد آزاد میموریل ڈگری کالج بمنہ میں پہلے آرکی ٹیکچر سکول کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر ایم ایل اے بٹہ مالہ نور محمد شیخ، پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر حسن سامون اور پرنسپل عبدالاحد آزاد میموریل ڈگری کالج ڈاکٹر یٰسمین کاؤسہ بھی موجود تھیں۔وزیر نے ڈگری کالج کے لئے ایک آڈیٹوریم اور کالج کی سڑکوں پر تار کول بچھانے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقعہ پر وزیر نے آرکی ٹیکچر کورس کے لئے داخل کئے گئے40 طُلاب کے پہلے بیچ کے ساتھ بھی استفسار کیا۔ انہوں نے طُلاب سے کہا کہ وہ اس ادارے میں دستیاب تمام مواقعوں کو استعمال میں لاکر آرکی ٹیکچر کے شعبیٔ میں اپنا نام کمائیں۔بخاری نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ کا یہ خواب تھا کہ کشمیر میں اس نوعیت کا ایک ادارہ قائم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی محمد سعید سرکاری اور نجی سیکٹر میں مقامی آرکی ٹیکچر کو بحال کرنے کے متمنی تھے۔اس سے قبل وزیر نے گورنمنٹ کالج فار وومن ایم اے روڈ میں3.39 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ایک نرسنگ کالج کا بھی افتتاح کیا۔اس تقریب پر تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی، پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم اصغر حسن سامون اور کالج کی پرنسپل پروفیسر شاہین الطاف بھی موجود تھیں۔اس موقعہ پر وزیر کو جانکاری دی گئی کہ اس کالج میں60 طالبات پر مشتمل پہلے بیچ نے داخلہ لیا ہے۔ انہوں نے کالج کی سڑکوں پر تار کول بچھانے کا بھی اعلان کیا اور بعد میں ’’دِی پمپوش‘‘ نامی کالج میگزین کی رسم رونمائی انجام دی۔