جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال کا دورہ کر کے وہاں اُن لوگوں کی عیادت کی جو کل رات جموں ضلع کے ارنیہ سیکٹر میں سرحد پار کی شیلنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔صحت محکمہ کے کئی افسران بھی نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ہسپتال حکام پر زور دیا کہ وہ ان زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات دستیاب رکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں مفت اودویات بھی مہیا رکھیں۔واضح رہے کہ3 خواتین سمیت 6 زخمیوں کو جی ایم سی ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے جن میں سے رتنو دیوی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔